نواز شریف نے اپنا معاملہ اللہ پہ چھوڑ رکھا ہے: اسحاق ڈار
Image
لندن: (سنو نیوز) اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نواز شریف انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، انہوں نے پہلے بھی اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کر دیا تھا، آج بھی اللہ پہ بھروسہ ہے۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر کے دکھایا تھا، اب بھی موقع ملا تو ملک دوبارہ ٹیک آف کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے آئندہ الیکشن میں قوم نواز شریف کو بھاری اکثریت میں ووٹ ڈالے، ہماری اکثریت ہوگی تو ہم مشکل فیصلے کرسکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سال 2018 میں مسلم لیگ ن حکومت بناسکتی تھی لیکن نوازشریف نے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو عزت دیم ملک کو تباہ کرنے والوں سے اللہ انتقام لے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ نوازشریف کیخلاف سازش کرنے والے کم عرصہ میں بے نقاب ہوگئے، انہوں نے2017 کے کرداروں کا احتساب خدا پر چھوڑ دیا، نواز شریف کی تمام توانائیاں ملک کی بہتری کے لیے ہوں گی، میرے خلاف نیب کے بے بنیاد مقدمات بنائے گئے جن کی کوئی اہمیت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد نواز شریف انتقام کے بجائے ملک کو ٹھیک کرنے پر بھرپور توجہ دیں گے، نواز شریف کو نکالنے والوں نے ملک پر ظلم کیا، پاکستان کی ترقی کئی برس پیچھے دھکیل دی گئی۔