چیف آف نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ میں فائنل مقابلے آج ہونگے
Image
لاہور:(سنو نیوز) چیف آف نیول اسٹاف چیمپئن شپ میں فائنل مقابلے آج ہونگے، کراچی کے روشن خان، جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں آل پاکستان چیف آف نیول اسٹاف اسکواش چیمپیئن شپ کھیلی جا رہی ہے۔ چیمپیئن شپ میں شریک وومنز پلیئرز کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو بھی اچھی تربیت ملے تو وہ آگے آسکتی ہیں۔ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کا وومنز اسکواش کے بارے میں کہنا ہے کہ وومنز اسکواش پلیئرز کو سخت محنت کرنا ہوگی ۔ وومنز اسکواش کا فائنل دفاعی چیمپیئن زینب خان اور نور العین کے درمیان آج اتوار کو کھیلا جائے گا ۔ دوسری جانب گذشتہ روز ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپیئن حمزہ خان کی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات ہوئی ہے۔ نیول چیف نے آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں منعقدہ ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں شاندار فتح پر حمزہ خان کو مبارکباد دی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ پوری قوم کو حمزہ خان پر فخر ہے، حمزہ خان نے 36 سال بعد ورلڈ جونیئر چیمپئن شپ جیت کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے اور کھیلوں کے فروغ کیلئے حکومت مواقع فراہم کر رہی ہے، امید ہے کہ حمزہ خان مستقبل میں بھی ایسی ہی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و ملت کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ نیول چیف نے حمزہ خان کے والدین، کوچ اور تمام ٹیم کو بھی مبارکباد پیش کی۔ حمزہ خان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی جانب سے اسکواش کے فروغ کے لئے انفراسٹرکچر اور معیاری کوچنگ کی فراہمی قابلِ تعریف ہے۔ خیال رہے کہ حال ہی میں پاکستان کے حمزہ خان نے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیتی تھی۔ فائنل میں حمزہ خان نے مصر کے محمد زکریا کو شکست دی تھی، 1986 کے بعد پہلی بارکسی پاکستانی کھلاڑی نے ورلڈ جونیئرسکواش ٹائٹل جیتا تھا۔ آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستانی کھلاڑی حمزہ خان نے مصر کے محمد ذکریا کو تین ایک سے مات دی۔