بھارت: ٹرین کی بوگی میں آتشزدگی، 10 افراد ہلاک
Image

مدورائی:(سنو نیوز) بھارت میں سلنڈر پر ناشتہ بنانے کی کوشش میں ٹرین کی بوگی میں آگ لگ گئی، دس افراد جھلس کر ہلاک، افسوسناک واقعہ ریاست تامل ناڈو کے مدورائی ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا۔

تفصیل کے مطابق تمل ناڈو میں مدورائی ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کے ڈبے میں آگ لگنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ آگ غیرقانونی طور پر لائے گئے ایل پی جی سلنڈر کے پھٹنے کی وجہ سے لگی۔ بوگی میں پینسٹھ افراد موجود تھے، جن میں سے بیس زخمی بھی ہوئے۔ فائر بریگیڈ نے دو گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ یہ ٹرین کی ایک پرائیویٹ کوچ تھی جو اتر پردیش کے لکھنؤ سے آئی تھی۔ واقعہ کے وقت ٹرین ریلوے اسٹیشن پر کھڑی تھی۔ ریلوے حکام نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ یہ کوچ جمعہ کو ناگرکوئل جنکشن پر پنالور-مدورائی ایکسپریس سے منسلک تھی اور صبح سویرے مدورائی پہنچی تھی۔ اتر پردیش کے یہ یاتری لکھنؤ سے سوار ہو کر رامیشورم جا رہے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ٹریول ایجنسی نے مسافروں کے لیے یہ کوچ بک کرائی تھی۔ اس کوچ کے مسافروں کا سفر 17 اگست کو لکھنؤ سے شروع ہوا تھا اور مسافر اتوار کو چنئی پہنچنے والے تھے۔ وہاں سے یہ لوگ لکھنؤ واپس آنے والے تھے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے مطابق جب مسافروں نے صبح چائے بنانے کے لیے چولہا جلایا تو سلنڈر میں دھماکہ ہوا۔ 55 لوگوں کو بچا لیا گیا ہے اور اب تک 10 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ جبکہ امدادی کام ابھی بھی جاری ہے۔