آئی ایم ایف کی پابندیاں، پاکستانی روپیہ بےیارومددگار
Image

اسلام آباد: (سنو نیوز) بین القوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی پابندیوں نے پاکستانی کرنسی روپےکوبےیارومددگارکردیا کر دیا ہے۔ رواں ہفتےانٹربینک میں ڈالر5روپے22پیسے مہنگا ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت12روپےبڑھی۔ عالمی مارکیٹ میں سونا25ڈالر فی اونس مہنگا ہوا۔ پاکستان میں سونے کی قیمت7700روپےبڑھی۔

تفصیل کے مطابق کرنسی مارکیٹ میں ڈالر اور روپے کی جنگ جاری ہے۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف ) کی پابندیوں کے باعث حکومت روپے کو مار کھاتی دیکھ رہی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ حالیہ ورچوئل اجلاس میں نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کو بھی صرف نگرانی کرنے کو کہا گیا ہے۔

آئی ایم ایف نے کرنسی مارکیٹ میں روپے کی مدد کرنے سے خبردار کر دیا ہے۔ امپورٹرز کی طرف سے ڈالر کی ڈیمانڈ بڑھنے سے روپیہ کمزور ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اس ہفتے انٹربینک میں ڈالر پانچ روپے بائیس پیسے مہنگا ہو کر 301 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 12 روپے اضافے کے بعد 315 روپے کی تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

دوسری طرف گولڈ مارکیٹ میں سونا بھی مسلسل مہنگا ہوتا رہا۔ رواں ہفتے عالمی مارکیٹ میں ایک اونس سونے کی قیمت میں 25 ڈالر کا اضافہ ہوا۔ مقامی صرافہ بازار میں سونا سات ہزار سات سو روپے مہنگا ہو گیا۔ ایک تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 34 ہزار پانچ سو روپے پر پہنچ چکی ہے۔ آئندہ ہفتے اگر ڈالر قابو میں نہ آیا تو سونے کی قیمت میں کمی کی توقع نہیں ہے۔