حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان کی جوڑی دھوم مچانے کو تیار
Image

کراچی :(ویب ڈیسک )2014 میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے ڈرامہ سیریل پیارے افضل کے بعد اداکار حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان دس سال کے بعددوبارہ سے اسکرین پر جلوہ گر ہونے جارہے ہیں۔

شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین اسٹار جوڑی نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے جان جہاں میں جلوہ گر ہونگے جس میں ان کے ہمراہ شوبز انڈسٹری سےتعلق رکھنے والے کئی دیگر بڑے نام بھی ہونگے جن میں نور الحسن،آصف رضااور سویرا ندیم قابل ذکر ہیں۔

جان جہاں کا ٹریلر سوشل میڈپا پر پہلے ریلیز کیا گیا تاہم اس ڈرامے کا او ایس ٹی کچھ گھنٹے قبل یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کیا گیا جو چند گھنٹے میں ہی ہزاروں لوگوں نے سن لیا اور اس تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے،اس ڈرامے کا گیت لجنڈری گلوکار راحت فتح علی خان نے گایا ہے جبکہ موسیقی نوید ناشاد نے ترتیب دی ہے۔

حمزہ علی عباسی نے کچھ عرصہ قبل شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنا وقت دین کی خدمات کے لیے صرف کریں گے تاہم پھر انہوں نے اس حوالے سے یو ٹرن لیا اور انہوںنے دوبارہ سے انڈسٹری میں واپس آنے کا عندیہ دیا،انہوں نے کچھ اشتہارات میں بھی کام کیا اور پھر اب وہ تقریبا دس سال بعد چھوٹی اسکرین پر جلوہ گر ہونے جارہے ہیں جس میں ان کے ساتھ عائزہ خان ہیں۔

عائزہ اور حمزہ علی عباسی کی جوڑی کو پیارے افضل میں بہت زیادہ پسند کیا گیا تھا،یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ دونوں اداکاروں کو اس ڈرامے نے شہرت کی بلندیو ں پر پہنچایا،عائزہ خان اس ڈرامے کے بعد نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اردو بولنے اور سمجھنے والوں کی پسندیدہ اداکار بن گئیں جب کہ حمزہ علی عباسی نے بھی اپنی منفرد فین فالوونگ بنائی۔

ڈرامے جان جہاں کل سے باقاعدہ ٹی وی اور یوٹیوب چینل پر نشر کیاجائے گا،شائقین کی جانب سے اس ڈرامے کا شدت سے انتظار کیا جارہا تھا اور اب وہ انتظار اپنے اختتام کو پہنچنے والا ہے۔