آسٹریلیا کا پاکستانی شائقین کیلئے کرکٹ میلہ لگانے کا اعلان
Image
میلبرن: (ویب ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستانی فینز کے لیے میلبرن میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوران کرکٹ میلہ لگانے کا اعلان کیا ہے۔ کرکٹ میلے کے حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے ایم سی جی کے باہر پاکستان فین زون کو کرکٹ میلے کا نام دیا گیا ہے، کرکٹ میلہ ایم سی جی کے گیٹ نمبر 4 کے باہر لگایا جائے گا۔ اس کرکٹ میلے میں پاکستانی کھانوں کے ٹرک، ٹیپ بال کرکٹ میچز اور بچوں کیلئے رنگا رنگ سٹالز بھی لگائے جائیں گے، اس دوران شائقین کرکٹ چارپائیوں پر بیٹھ کر بڑی سکرین پر میچ دیکھ سکیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ کرکٹ میلہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے ابتداِئی 3 روز تک جاری رہے گا، اس کرکٹ میلے میں میچ کے پہلے روز ٹاس سے قبل پاکستانی فینز کے لیے خصوصی واک کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ دوسری جانب گذشتہ روز پرتھ میں ہونے والے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز سے شکست دے دی تھی، میچ میں آسٹریلیا کے 450 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ پرتھ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 233 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔ دوسری اننگز کے آغاز پر ہی اوپنر عبداللہ شفیق اور کپتان شان مسعود 2,2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ یہ بھی پڑھیں https://sunonews.tv/17/12/2023/latest/60014/ پاکستان کو تیسرا نقصان امام الحق کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہوں نے 10 رنز اسکور کیے اور پویلین چلتے بنے، بابر اعظم 14 ، سرفراز احمد 4 ، آغا سلمان اور فہیم اشرف 5،5 ، عامر جمال 4 اور خرم شہزاد صفر پر آؤٹ ہوئے، آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹار اور جوش ہیزل ووڈ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ نیتھن لائن نے دو اور پیٹ کمنز نے ایک وکٹ لی۔ آسٹریلوی بیٹر سٹیو سمتھ 43 اور عثمان خواجہ نے 34 رنز کے ساتھ دوبارہ کھیل کا آغاز کیا تو کچھ ہی دیر بعد بولر خرم شہزاد نے 87 رنز پر پاکستان کے لیے تیسری وکٹ حاصل کر لی، خرم شہزاد نے 45 رنز پر سٹیو سمتھ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 107 رنز پر گری جب ٹریوس ہیڈ 14 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔