حب: زائرین کا ٹرک کھائی میں جاگرا، 18 افراد جاں بحق
Image
ٹھٹھہ: (سنو نیوز) صوبہ بلوچستان کے ضلع حب میں زائرین سے بھرا ٹرک کھائی میں گرنے سے 18 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات بلوچستان کے علاقے شاھا نورانی کے قریب حادثہ پیش آیا، جاں بحق ہونے تمام افراد کا تعلق ٹھٹھہ کے گاؤن قاسم جوکھیو سے ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی گھر کے 12 افراد بھی شامل ہیں۔ یہ بھی پڑھیں https://sunonews.tv/11/04/2024/pakistan/76279/ تمام افراد ٹھٹھہ کے گاؤں قاسم جوکھیو سے دو ٹرکوں میں سوار ہو کر نورانی جا رہے تھے۔ تمام افراد عقیدت کے بنیاد ہر ہر سال نورانی کے مزار پر حاضری کے لئے جاتے ہی۔ مزار پر جانے والی دو ٹرکوں میں سے ایک ٹرک خراب ہوگیا تھا جس کے بعد ٹرک کے افراد کو ایک ہی ٹرک میں بیٹھایا دیا گیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف وزیراعظم شہباز شریف نے لسبیلہ کے قریب زائرین کی گاڑی کو پیش آئے ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی بلند درجات کی دعا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری صدر مملکت آصف علی زرداری نے شاہ نورانی کے اندوہناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور ورثاء کے لئے صبر و جمیل کی دعا کی۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دُکھ کی اِس گھڑی میں میری ہمدردیاں زائرین کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ صدر مملکت نے حادثے کے زخمیوں کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حب حادثہ کیسے ہوا تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں، میری کوشش ہے کہ نماز جنازہ میں پہنچ سکوں، زخمیون کو بہترین طبی سہولت دی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حب شاہ نورانی پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ مریم نواز نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں- وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شاہ نورانی کے قریب روڈ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ جام غلام قادر ہسپتال حب میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، حادثے کے 16 زخمی اور 5 لاشیں سول ہسپتال حب منتقل کر دی گئیں، ٹرک میں سوار افراد کا تعلق ایک ہی علاقے سے بتایا جاتا ہے۔ شاہد رند کا کہنا تھا کہ ٹرک کراچی سے شاہ نورانی جا رہا تھا، ریسکیو کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا، شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کیا جا رہا ہے، وزیر اعلی بلوچستان کی ہدایت پر سیکرٹری صحت بلوچستان کا حکومت سندھ سے رابطہ کیا ہے۔