عمران خان کا ایس ایچ او عامر شہزاد کی اچانک وفات پر تحقیقات کا مطالبہ
Image
لاہور:(سنو نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ایس ایچ او عامرشہزاد کی اچانک وفات پر باضابطہ تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔ عمران خان نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ایس ایچ او عامرشہزاد نے وزیرآباد میں مجھ پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کیا، میرے قتل کے منصوبے کی تحقیقات جے آئی ٹی کر رہی ہے، اس منصوبے کے پیچھے کارفرما عناصر کو بے نقاب کرنے کے حوالے سے وہ ایک کلیدی کردار گواہ تھے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ریکارڈ کے ساتھ بھی چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے، ڈاکٹر رضوان اور مقصود چپڑاسی سمیت شہباز شریف کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کے دیگر تمام گواہان کی پراسرار اموات سب کے سامنے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلہ حملے کے مقدمے میں مدعی ایس ایچ او انتقال کر گئے تھے، انکا انتقال ہارٹ اٹیک کے باعث ہوا ہے۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر لانگ مارچ کے دوران 3 نومبر 2022 کو وزیرآباد میں قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں عمران خان کو ٹانگوں پر گولیاں لگی تھیں، عامر شہزاد ان دنوں ایس ایچ او صدر وزیرآباد تعینات تھے۔ ان کے بیان پر عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ سٹی وزیرآباد تھانے میں درج ہوا تھا۔