پنجاب میں بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری
Image
لاہور: (سنو نیوز) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں رواں ہفتے ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کر دیا۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ 8 سے 10 مئی کے دوران پنجاب میں دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری اضافے کا امکان ہے۔ انہوں ںے کہا کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 10 اور 11 مئی کو طوفانی بارشوں کا بھی امکان ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام الناس کو بھی محتاط رہنا ہو گا۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ دوپہر کے وقت کام کرنے والے لو سے بچنے کا اہتمام کریں۔ یہ بھی پڑھیں https://sunonews.tv/09/05/2024/pakistan/79110/ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں موسم شدید گرم رہنے کے علاوہ شام کے اوقات میں جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ شام اور رات کے اوقات میں شمالی بلوچستان بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہنے کے علاوہ شام اور رات میں جھکڑ اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ وزیرستان، کرم باجوڑ، مہمند، سوات، چترال اور کوہاٹ میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔ مری اور گلیات میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا۔ قلات زیارت مستونگ موسی خیل اور ژوب میں شام کے اوقات میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر میں چند مقامات پر شام کے اوقات میں بارش متوقع ہے۔