غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے مرکز کا دورہ کیا اور ملک کی جوہری صنعت کے سینئر حکام سے ملاقات کی۔
اس موقع سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ایران جوہری تنصیبات زیادہ طاقت کے ساتھ دوبارہ تعمیر کرے گا، عمارتیں تباہ کر دینے سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے، ایرانی قوم پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے خواہاں نہیں ہیں ، ایرانی سائنس دانوں کے پاس علم و ہنر موجود ہے ، ہمارا سارا جوہری پروگرام عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ہے یہ بیماریوں کے علاج اور عوام کی صحت کے لیے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپر اسٹور میں خوفناک دھماکا، 22 افراد ہلاک
یاد رہے کہ رواں سال 22 جون کو ایران اسرائیل جنگ کے دوران امریکی بی ٹو بمبار طیاروں نے آپریشن "مڈنائٹ ہیمر " کے دوران ایرانی جوہری تنصیبات پر بم برسائے تھے۔
یہ بھی واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر تہران نے جون میں امریکی حملوں سے تباہ ہونے والی جوہری تنصیبات کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کی تو وہ ایران کے جوہری مراکز پر نئے حملوں کا حکم دیں گے۔