سپر اسٹور میں خوفناک دھماکا، 22 افراد ہلاک
supermarket blast
فائل فوٹو
میکسیکو سٹی: (ویب ڈیسک) میکسیکو کی ریاست سنورا میں ایک سپر اسٹور میں خوفناک دھماکے اور آگ لگنے کے باعث 22 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ریاست سنورا کے شہر ہرموسلو میں پیش آیا، جہاں سپر مارکیٹ میں اچانک زوردار دھماکا ہوا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا ممکنہ طور پر اسٹور کے اندر نصب ٹرانسفارمر پھٹنے کے باعث پیش آیا، دھماکے کے وقت اسٹور میں خریداروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے چند لمحوں بعد ہی اسٹور میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے اسٹور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، تاہم تیز شعلوں کے باعث کارروائی میں مشکلات پیش آئیں۔

یہ بھی پڑھیں:کینیڈین وزیراعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ سے معافی مانگ لی

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 7 بچے بھی شامل ہیں جن میں 4 لڑکے اور 3 لڑکیاں ہیں، جبکہ کئی افراد جھلس کر شدید زخمی ہوئے، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں متعدد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب میکسیکن حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ جائے وقوعہ کو سیل کر کے فرانزک ماہرین کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ حکومت نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا یقین دلایا ہے۔