ویتنام میں کشتی حادثہ ، 38 افراد ہلاک
Vietnam boat accident
فائل فوٹو
ہنوئی: (ویب ڈیسک) ویتنام میں خلیج ہالانگ کے قریب ایک سیاحتی کشتی شدید بارش کے دوران حادثے کا شکار ہو گئی، افسوسناک واقعے میں 38 افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ ہفتے کے روز پیش آیا جب یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیے گئے مقام کی سیر کیلئے روانہ ہونے والی کشتی اچانک تیز بارش اور خراب موسم کی لپیٹ میں آ گئی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق کشتی میں 48 سیاح اور 5 عملے کے افراد سوار تھے، ہلاک ہونے والوں میں بیشتر کا تعلق ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی سے تھا، جن میں پورے خاندان کے افراد کے ساتھ کشتی میں 20 بچے بھی سوار تھے۔

امدادی اداروں نے اب تک 10 افراد کو زندہ بچا لیا ہے جبکہ دیگر لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو سرگرمیوں میں نیوی، بارڈر گارڈز، پولیس، پیشہ ور غوطہ خور اور درجنوں امدادی اہلکار شریک ہیں، تاہم خراب موسم اور حد نگاہ محدود ہونے کے باعث امدادی کاموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شہزادہ الولید بن خالد بن طلال انتقال کر گئے

حکام کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش میں وقت لگ سکتا ہے کیونکہ خلیج ہالانگ میں پانی کا بہاؤ تیز ہے اور موسم مسلسل خراب ہو رہا ہے۔

دوسری جانب واقعے کے بعد سیاحتی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔