شہزادہ الولید بن خالد بن طلال انتقال کر گئے
Sleeping Prince Prince Al-Waleed bin Khaled
فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شہزادہ الولید بن خالد بن طلال جنہیں دنیا بھر میں سویا ہوا شہزادہ کے لقب سے جانا جاتا تھا، طویل 20 سالہ کومے کے بعد انتقال کر گئے۔

سعودی گزٹ کے مطابق ان کے والد شہزادہ خالد بن طلال نے اپنے بیٹے کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نمازِ جنازہ اتوار کے روز عصر کی نماز کے بعد امام ترکی بن عبداللہ مسجد، ریاض میں ادا کی جائے گی۔

ذہن نشین رہے کہ 2005 میں لندن میں ایک سنگین ٹریفک حادثے کے بعد شہزادہ الولید مکمل کوما میں چلے گئے تھے۔ اس وقت وہ برطانیہ میں تعلیم حاصل کر رہے تھے، حادثے کے بعد انہیں مسلسل طبی نگرانی میں رکھا گیا اور ان کی حالت دنیا بھر کے کروڑوں افراد کی توجہ اور ہمدردی کا مرکز بنی رہی۔

طبی ماہرین کی جانب سے کئی بار مایوسی کے باوجود شہزادہ خالد نے کبھی ہار نہ مانی اور بیٹے کو لائف سپورٹ سے ہٹانے سے انکار کر دیا۔ وہ ہمیشہ اس یقین پر قائم رہے کہ زندگی اور موت صرف اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے۔

کبھی کبھار شہزادہ الولید کی ہلکی پھلکی حرکات نے امید کی کرن ضرور دکھائی، مگر وہ کبھی مکمل ہوش میں نہ آ سکے۔ ان کی حالت کو سوشل میڈیا پر بھی لاکھوں افراد برسوں سے فالو کرتے رہے تھے۔

شہزادہ الولید کے انتقال پر سعودی عرب سمیت دنیا بھر سے اظہارِ افسوس کا سلسلہ جاری ہے۔