پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کے امکانات روشن
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے موجودہ فرنچائز ٹیموں کی ویلیو ایشن کا عمل مکمل کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی فرنچائزز کی شمولیت کے امکانات روشن ہوگئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے موجودہ فرنچائز ٹیموں کی ویلیو ایشن کا عمل مکمل کر لیا اور ایڈیشن الیون سے قبل نئی ٹیموں کے مالکان کے انتخاب کی تیاریاں تیز کر دی گئی۔

حکام کے مطابق ایک چارٹرڈ فرم نے دو نئی پی ایس ایل فرنچائزز کی ممکنہ قیمت کا تعین کر لیا ہے۔ نئی ٹیموں کے لیے جن شہروں کے نام زیرِ غور ہیں ان میں حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل ہیں۔ تاہم حتمی فیصلہ ٹینڈر کی تکمیل کے بعد ہی کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان جاری رکھنے کا فیصلہ

پی سی بی نے موجودہ فرنچائزز کو 10 سالہ تجدید کے ساتھ نئے معاہدوں کی باضابطہ پیشکش کر دی اور انہیں مقررہ مدت میں اپنے فیصلے سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بورڈ حکام نے واضح کیا کہ وہ فرنچائز کے ساتھ باہمی احترام اور مضبوط تعلقات کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات لیگ کے مستقبل کو مستحکم بنانے اور پی ایس ایل کی توسیع کے لیے کیے جارہے ہیں، جس سے پاکستان کرکٹ کی مقبولیت اور تجارتی مواقع میں اضافہ ہوگا۔