سری لنکن ٹیم کی دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کی درخواست
سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کروطن واپسی کی درخواست کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کروطن واپسی کی درخواست کردی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سری لنکن ہائی کمشنر اور ٹیم منیجر سے ملاقات کی، سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کی درخواست کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سری لنکن ہائی کمشنر اور ٹیم منیجر کو مہمان ٹیم کی مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی کرادی، جس پر سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ ذرائع کا بتانا ہے کہ بورڈ نے ٹیم کو دورہ پاکستان مکمل کرنے کی ہدایت کر دی، دورہ ادھورا چھوڑنے والے کھلاڑی پر 2 سال کی پابندی لگے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا ون ڈے، پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو ہرا دیا

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کےدر میان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ کل راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، پاکستان میں سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیموں کے ساتھ ٹرائی سیریز بھی ہونی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔