سرفراز احمد پاکستان کے چیمپئنز اسکواڈ سے باہر، کامران اکمل شامل
Sarfaraz Ahmed dropped
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025ءمیں سابق کپتان و وکٹ کیپر سرفراز احمد کو اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا جبکہ ان کی جگہ کامران اکمل کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

 یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب ٹیم کے مالک کامل خان کی جانب سے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا جس میں سرفراز احمد کا نام  لسٹ میں شامل نہیں تھا۔ یہ فیصلہ اس وجہ سے زیادہ حیران کن قرار دیا جا رہا ہے کہ رواں سال جنوری میں انہیں ٹیم کا حصہ قرار دیا گیا تھا اور سوشل میڈیا پر ان کی موجودگی کو کپتان و لیڈر و لیجنڈ  کے لقب کے ساتھ خوب سراہا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے اس تبدیلی کی کوئی  وضاحت نہیں کی گئی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ٹیم کےتجربہ کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ کامران اکمل کی لیجنڈز کرکٹ میں حالیہ شمولیت اور تجربہ اس فیصلے کے پیچھے ممکنہ وجہ بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کامران نے آسان سٹمپنگ کا موقع گنوا دیا، ویڈیو وائرل

واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز نے انگلینڈ چیمپئنز کے خلاف اپنا افتتاحی میچ پانچ رنز سے جیت لیا ہے جس میں کامران اکمل بطور وکٹ کیپر میدان میں اُترے ۔ اگرچہ انہوں نے بیٹنگ میں کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھائی تاہم انہیں اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کا اگلا مقابلہ بھارت چیمپئنز سے ہو گا لیکن  سرفراز احمد کی غیر موجودگی کو کرکٹ  شائقین  محسوس کریں گے۔