
کرک بُز کی رپورٹ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ستمبر کے دوسرے اور چوتھے ہفتے کے درمیان ایشیا
کپ 2025 کیلئے ایک عارضی ونڈو مختص کی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں کل 19 میچز کھیلے جائیں گے،جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچز کو ایک خاص اہمیت حاصل ہو گی۔
اگرچہ بھارت 2025 میں ایشیا کپ کا باضابطہ میزبان ہے، تاہم یہ ٹورنامنٹ ممکنہ طور پر سری لنکا یا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے تاریخی تناؤ کی وجہ سے کیا گیا ہے، ایشین کرکٹ کونسل نے دونوں ممالک کے میچز کو غیر جانبدار ممالک میں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں ایک دوسرے کیخلاف کھیلتے وقت ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا کرتی ہیں، ان میچز کا انتظار ہر کرکٹ شائقین کو ہوتا ہے۔
2025 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے علاوہ سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، یو اے ای، عمان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی، اور ان میں سے 8 ٹیموں کو ممکنہ طور پر دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
اس سال ایشیا کپ میں بھارت اور پاکستان کے میچز کی تجارتی اپیل انتہائی اہمیت کی حامل ہو گی، کیونکہ ہر آئی سی سی ٹورنامنٹ میں یہ دونوں ٹیمیں ایک ہی گروپ میں شامل ہوتی ہیں۔
اسی لیے یہ امکان ہے کہ سپر فور مرحلے میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آ سکتی ہیں اور پھر فائنل کھیلنے کیلئے دوبارہ ٹاپ ٹو میں کوالیفائی کر سکتی ہیں۔