اراضی سکینڈل کیس: پرویز الہٰی سمیت 18 ملزمان پر فرد جرم عائد
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت میں پرویز الہٰی و دیگر ملزمان کے خلاف راولپنڈی روات کے قریب تخت پڑی جنگل کی سرکاری اراضی خورد برد ریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج شیخ اعجاز علی نے ریفرنس پر سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب سمیت مقدمہ میں نامزد 18 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔
واضح رہے کہ صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی پر بطور وزیراعلیٰ پنجاب انتہائی قیمتی 1170 کنال اراضی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کو دینے کا الزام ہے جس سے سرکاری خزانہ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔
اراضی خوردبرد ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سمیت مجموعی طور پر 18 ملزمان نامزد ہیں، دو مرکزی ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے جبکہ دو وفات پا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چودھری پرویز الٰہی اور شجاعت حسین کے درمیان صلح کی خبریں
ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی ، محکمہ مال اور محکمہ جنگلات کے افسران کو نامزد کیا گیا تھا ، تمام ملزمان صحت جرم سے انکار کر چکے ہیں۔
عدالت پرویز الہٰی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے بعد 16 جون کو 10 گواہان کو طلب کر لیا۔