عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کرا دی گئی
جیل ذرائع کے مطابق سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ان کے شوہر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان 45 منٹ تک ایک دوسرے کے ساتھ رہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات جیل حکام کی نگرانی میں طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت کروائی گئی جس میں دونوں میاں بیوی کو ایک دوسرے سے بات چیت کا موقع ملا۔
جیل ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں میاں بیوی نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی، ملاقات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اہلیہ کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کیا۔
یاد رہے کہ جیل مینوئل کے مطابق اس سے قبل بھی متعدد بار عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرائی گئی تھی جس میں دونوں نے ساتھ وقت گزارا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی کا جیل سے اہم پیغام آگیا
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل قواعد و ضوابط کے مطابق ہرہفتے میں ایک دفعہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقات کرائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت مختلف مقدمات کے سلسلے میں اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید ہیں، جہاں ان کے کیسز کی عدالتی کارروائیاں جاری ہیں۔