طلبہ کیلئے مفت اے آئی سمر کیمپ شروع کرنے کا اعلان
گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد نئی نسل کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بغیر کسی فیس کے عملی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی خصوصاً مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مہارت حاصل کر سکیں۔
نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ مناسب رہنمائی کے ذریعے موبائل فون استعمال کرنے والے بچے بھی آسانی سے اے آئی سیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک ابتدائی عمر سے ہی تعلیم، تحقیق اور مہارتوں کی ترقی پر سرمایہ کاری کرتے ہیں، اسی وجہ سے وہ جدت اور ترقی میں دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ 27-2026، تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ؟
اس موقع پر وزیر مملکت اور وزیراعظم کے معاون خصوصی فہد ہارون، دانیال ناگوری اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
گورنر سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں نوجوانوں کو صرف ملازمت کے متلاشی نہیں بلکہ روزگار پیدا کرنے والا بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکول کی سطح پر اے آئی اور جدید علوم کی تعلیم نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم، روزگار، جدت اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس مستقبل میں بھی ایسے عملی اور مفید پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گا تاکہ نوجوان ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
دانیال ناگوری نے بتایا کہ سمر کیمپ میں شرکت کے خواہشمند طلبہ آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔