حکومت کا ملک بھر میں 3 ماہ کیلئے بجلی سستی کرنے کا اعلان
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، جس کا اطلاق جون سے اگست 2026 تک تین ماہ کے لیے ہوگا۔
حکام کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی کا فائدہ ملک بھر کے صارفین کو حاصل ہوگا جبکہ کراچی کے صارفین بھی اس ریلیف سے مستفید ہوں گے، کیونکہ یہ کمی کے الیکٹرک صارفین پر بھی لاگو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکٹرک بائیک اب ہر ایک کیلئے، حکومت کا بڑی سکیم لانے کا فیصلہ
سرکاری دستاویزات کے مطابق بجلی نرخوں میں کمی کے نتیجے میں صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب 17 کروڑ 30 لاکھ روپے کا مالی ریلیف ملے گا۔
توانائی شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بجلی بلوں میں یہ کمی گھریلو اور تجارتی صارفین کے لیے مالی بوجھ کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب مہنگائی کے اثرات عوامی زندگی پر نمایاں ہیں۔
واضح رہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کے نرخوں کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ پیداواری لاگت اور دیگر مالی عوامل کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل کیا جا سکے۔