خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کا ناراض گروپ کھل کر سامنے آگیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی
ناراض گروپ کے سینئر رکن فضل الہیٰ نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کی/ فائل فوٹو
Updated | Published June, 9 2026 |
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ناراض گروپ کھل کر سامنے آگیا، ناراض گروپ نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت پارٹی قیادت سے عمران خان کی رہائی کے لیے فیصلہ کن احتجاج کی تاریخ دینے کا مطالبہ کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ناراض گروپ کے سینئر رکن فضل الہیٰ نے کہا کہ جب تک وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، وزراء، ایم این ایز، سینیٹرز، ایم پی ایز، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیدار کنونشن بلا کر قرآن پاک پر حلف نہیں دیتے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے فیصلہ کن احتجاج فلاں دن ہوگا اور واپسی صرف رہائی پر ہوگی، اس وقت تک بجٹ منظور نہیں ہونے دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت کا وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

فضل الہیٰ نے دعویٰ کیا کہ ناراض گروپ میں 35 سے 40 لوگ شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں وزارت نہیں چاہیے، ہمیں عمران خان کی رہائی چاہیے۔

انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت پر کرپشن کے الزامات بھی عائد کیے اور کہا کہ وہ حلفاً کہتے ہیں کہ صوبے میں کرپشن موجود ہے۔ ان کے مطابق افسران کرپشن کر کے کابینہ کو خوش رکھتے ہیں، جبکہ حکومت کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔

فضل الہیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں صورتحال یہ ہے کہ وزیر خود کہتا ہے کہ اس کا ڈی سی یا سیکرٹری غلط کام کر رہا ہے لیکن وہ اس کا تبادلہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاکلیٹ نہیں بلکہ عمران خان کی رہائی چاہیے۔