پاکستان اور لبنان کے درمیان عسکری تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
آئی ایس پی آر کے مطابق لبنان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہائکل نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مہمان فوجی سربراہ کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور لبنان کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 4 خوارج جہنم واصل
ملاقات میں تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی اور پاکستان اور لبنان کی افواج کے درمیان فوجی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ پاک لبنان فوجی قیادت نے دو طرفہ عسکری روابط بڑھانے پر زور دیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان سے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کی اور کہا کہ پاکستان آرمی دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
لبنان کے آرمی چیف جنرل روڈولف ہائکل نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام میں پاک افواج کے کردار کی تعریف کی۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق لبنانی آرمی چیف کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات میں اہم پیش رفت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔