پشاور: بی آر ٹی بس جنگلے سے ٹکرا گئی، متعدد مسافر زخمی
بی آر ٹی بس
ڈرائیور کو اونگھ آنے کے باعث بی آر ٹی بس ٹریک سے اتر کر جنگلے سے جا ٹکرائی/ فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور بی آر ٹی کے ٹریک پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جب ایک تیز رفتار بس ڈرائیور کو شدید اونگھ آنے کے باعث ٹریک سے اتر کر سڑک کنارے لگے جنگلے سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار متعدد مسافر زخمی ہوئے، جبکہ بس کو بھی خاصا نقصان پہنچا۔

عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بس معمول کے مطابق اپنے روٹ پر سفر کر رہی تھی کہ اچانک ڈرائیور نیند کے غلبے میں بس پر کنٹرول کھو بیٹھا۔ بس کی رفتار نسبتاً تیز ہونے کے باعث وہ ٹریک سے باہر نکل کر سائیڈ کے حفاظتی جنگلے سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ڈرائیور بھی اپنی نشست سے اچھل کر نیچے گر گیا، جسے فوری طور پر قریبی مسافروں نے اٹھایا اور باہر نکالا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈنمارک کا پاکستانی طلبہ کے لیے فل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں کئی مسافر معمولی زخمی ہوئے جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ کچھ زخمیوں کو احتیاطی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

حادثے کے فوری بعد بی آر ٹی انتظامیہ اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریک کو کلیئر کرنے کے اقدامات شروع کر دیئے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی مشینری طلب کی گئی تاکہ بس کو ہٹا کر روٹ کو دوبارہ بحال کیا جا سکے۔ ٹریک کی مرمت اور متاثرہ حصے کی صفائی کے لیے بھی اضافی عملہ تعینات کیا گیا۔