معروف موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تازہ ترین عالمی اور علاقائی موسمی ماڈلز اس بات پر متفق دکھائی دے رہے ہیں کہ ایک نیا مغربی سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کی طرف بڑھ رہا ہے، اس سسٹم کے اثرات 18 دسمبر کی دوپہر یا شام سے ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں محسوس ہونا شروع ہو سکتے ہیں، جبکہ 19 اور 20 دسمبر کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں کے امکانات خاصے روشن ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سموگ میں اضافہ، بچوں اور بزرگوں کیلئے خصوصی ایڈوائزری جاری
جواد میمن نے کہا کہ موجودہ موسمی ماڈلز بارشوں کی اچھی شدت کی طرف اشارہ دے رہے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ متعدد علاقوں میں ہلکی سے درمیانی جبکہ چند مقامات پر نسبتاً تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ پیشگوئی طویل المدت ہے اور اس میں تبدیلی کا امکان ہمیشہ موجود رہتا ہے۔
تجزیہ کار کے مطابق بلوچستان کے مغربی حصوں میں ہواؤں کا دباؤ تبدیل ہو رہا ہے، جبکہ بحیرۂ عرب کی مرطوب ہوائیں بھی سسٹم کے ساتھ مل کر بارشوں کا باعث بن سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سسٹم اپنی موجودہ شدت برقرار رکھتا ہے تو لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، پشاور، اسلام آباد، مری اور ایبٹ آباد سمیت بالائی پنجاب و کے پی کے مختلف شہروں میں موسم سرد اور بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ 15 دسمبر کے بعد جاری ہونے والی اپڈیٹس پر نظر رکھیں کیونکہ موسم کے متعلق درست پیشگوئی اسی وقت ممکن ہوتی ہے جب سسٹم چند دنوں کے فاصلے پر ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ بارشوں سے فضائی آلودگی میں کمی کا امکان بھی ہے، جو لاہور اور دیگر شہروں میں موجودہ اسموگ کی شدت کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔