موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق ملک کے شمالی علاقہ جات میں صبح و رات کے اوقات میں شدید سردی کی توقع ہے جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں سموگ برقرار رہے گی تاہم صبح اور رات کے اوقات میں چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے۔
اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا ، مری اور گلیات میں موسم سرد جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ صبح و رات کے اوقات میں سردی میں اضافہ متوقع ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید سردی برقرار رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: شدید دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹروے بند
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کےبیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، صوبے کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا، کے پی میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اپر دیر میں درجہ حرارت منفی 2، چترال اور کالام میں منفی ایک جبکہ مالم جبہ میں بھی منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، پشاور سمیت میدانی اور جنوبی علاقوں میں موسم بدستور سرد رہے گا، پشاور سمیت دیگر میدانی علاقوں میں صبح اور شام کے وقت دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 3 جبکہ زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
اس کو بھی پڑھیں: کراچی میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں لاہور کے فضائی معیار میں نمایاں بہتری آگئی، گزشتہ سال کے مقابلے میں لاہور کی فضا 42 فیصد بہتر ہوئی ۔
ڈیٹا کے تجزیہ سے نومبر کے 30 میں سے 23 دنوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں واضح بہتری دیکھی گئی، ڈیٹا کے تجزیہ کے مطابق گزشتہ سال 2024 میں لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 453 تھا جبکہ رواں سال 2025 کے نومبر میں ائیر کوالٹی انڈیکس 261 رہا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ڈیڑھ سال کی حکومت کے دوران ماحولیاتی بہتری کے لئے تاریخی اقدامات کئے گئے ، قانون سازی، قوانین پر مؤثر عمل درآمد، جدید مشینری اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال نے فضائی آلودگی کی کمی میں اہم کردار ادا کیا ۔