پشاور: پی ٹی آئی جلسے کیلئے سکیورٹی اور ٹریفک پلان تیار
صوبائی دارالحکومت پشاور کے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے جلسے کیلئے سکیورٹی اور ٹریفک پلان تیار کر لیا گیا۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت پشاور کے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے جلسے کیلئے سکیورٹی اور ٹریفک پلان تیار کر لیا گیا۔

سٹی پولیس آفیسر پشاور کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جلسہ گاہ کے اطراف میں بی ڈی یو، سنیفر ڈاگ یونٹس اور لیڈیز پولیس تعینات جبکہ واک تھرو گیٹس نصب کر دیے گئے ہیں، ڈرون کیمرے، اینٹی ڈرون سسٹم، کیمرہ سرویلنس موبائل جیپ اور جیمرز موبائل بھی جلسہ گاہ پہنچا دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماہر سنائپر شوٹرز اور لوکل پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں،جلسہ گاہ اور اطراف کی عمارتوں کی چھتوں پر تربیت یافتہ سنائپر شوٹرز کو تعینات کیا گیا ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور دیگر حساس مقامات پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔

سی پی او نے کہا کہ ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان جلسہ کے لیے تمام سکیورٹی انتظامات کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں، ٹریفک افسران و اہلکار مختلف مقامات پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں، ٹریفک پلان کی براہ راست نگرانی چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی ماننے سے انکار

سٹی پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں اور متبادل راستوں پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں، ابابیل سکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس اور ٹریفک پولیس مسلسل گشت اور نگرانی پر مامور ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہری جلسہ گاہ میں داخلے کے وقت خصوصی چیکنگ کے بعد ہی داخل ہو سکیں گے، پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت الرٹ اور تیار ہے۔