پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا، سینئر رہنما پارٹی چھوڑ گئے
PTI leadership crisis
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور تحصیل سماہنی کے صدر میجر (ر) طارق محمود نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سماہنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میجر (ر) طارق محمود نے کہا کہ وہ ایسی جماعت کا حصہ نہیں رہ سکتے جو پاک فوج مخالف بیانیہ اختیار کرے، ملکی سلامتی، فوج اور ریاستی اداروں کیخلاف کسی بھی منفی مہم کی وہ حمایت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وطن اور پاک فوج سے بڑھ کر کچھ نہیں، ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، موجودہ حالات میں وہ ضمیر کی آواز پر پارٹی سے الگ ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مطابق میجر (ر) طارق محمود کا پارٹی چھوڑنا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کیلئے خاصا بڑا نقصان ہے، کیونکہ وہ علاقائی سطح پر مضبوط تنظیمی حیثیت رکھتے تھے اور مقامی سطح پر ان کا اثر و رسوخ تسلیم شدہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن کا بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی ماننے سے انکار

ذرائع کے مطابق مزید مقامی رہنما بھی جلد اہم فیصلے کر سکتے ہیں، جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو تنظیمی سطح پر مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ادھر کارکنان میں اس فیصلے کے بعد ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، بعض نے ان کے مؤقف کی حمایت کی ہے جبکہ کچھ کارکن اب بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ کھڑے ہیں۔