ماحولیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ یہ گاڑیاں نقصان دہ گیسوں کے اخراج کا بڑا ذریعہ ہیں، جو فضائی آلودگی اور اسموگ میں اضافے کا سبب بنتی ہیں اور عوامی صحت کیلئے سنگین خطرہ پیدا کرتی ہیں۔
ادارہ برائے تحفظ ماحولیات اسلام آباد (EPA) نے گاڑیوں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کا معائنہ EPA سے منظور شدہ لیبارٹریوں سے کروا کر سرٹیفکیٹ حاصل کریں، بغیر سرٹیفکیٹ والی گاڑیوں کے مالکان کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان ادارے نے واضح کیا کہ گاڑیوں سے دھوئیں کا اخراج مقررہ معیار کے مطابق ہونا لازمی ہے، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑی چلانا قانون کے مطابق جرم ہے اور اس پر جرمانہ یا دیگر قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے گاڑی مالکان سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اپنی گاڑیوں کا معائنہ کروائیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرانسپورٹرز کا 8 دسمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف شہری علاقوں میں فضائی آلودگی کم ہوگی بلکہ شہریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے بھی اہم قدم ثابت ہوگا۔
ادارہ ماحولیات کی ہدایت پر عمل کر کے گاڑی مالکان اپنی ذمہ داری پوری کر سکتے ہیں اور سماجی و قانونی مسائل سے بچ سکتے ہیں۔
حکومت کی یہ سختی ماحول کی بہتری اور شہریوں کی حفاظت کیلئے ایک بڑا قدم قرار دی جا رہی ہے، شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ہدایات پر فوری عمل کریں۔