موٹروے پولیس کے مطابق دھند کی شدت بڑھنے کے بعد محفوظ سفری ماحول نہ ہونے کی وجہ سے موٹرویز کو بند کرنا ناگزیر تھا۔
محکمہ ماحولیات پنجاب کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق کئی شہروں میں اسموگ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، گوجرانوالہ میں پارٹیکولیٹ میٹر 349، رحیم یار خان میں 321 جبکہ ملتان میں 315 ریکارڈ کیا گیا، جو خطرناک حد سے کہیں زیادہ ہے۔
موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دھند والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے مکمل طور پر گریز کریں، کیونکہ کم حدِ نگاہ سنگین حادثات کا باعث بن سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرانسپورٹرز کا 8 دسمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان
ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹروے کی بندش شہریوں کی جانوں اور مال کے تحفظ کیلئے کی گئی ہے، صورتِ حال بہتر ہوتے ہی ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور ہنگامی صورت میں قریبی سیف پوائنٹ پر رک جائیں۔ دھند میں لین کی خلاف ورزی شدید حادثات کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے روڈ یوزرز کو سختی سے لین ڈسپلن پر عمل کرنا چاہیے۔