الیکشن کمیشن کا بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی ماننے سے انکار
ECP PTI chairman decision
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بیرسٹر گوہر علی خان کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بیرسٹر گوہر علی خان کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تسلیم کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ انہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے طور پر قانونی حیثیت حاصل نہیں۔

الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر کے ارسال کردہ خط کا باضابطہ جواب جاری کیا، خط میں بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ 13 نومبر کو آزاد سینیٹرز نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی، لہٰذا ان کی پارٹی میں شمولیت کو تسلیم کیا جائے۔ تاہم الیکشن کمیشن نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی جماعتی انتخابات کا کیس اب بھی زیر التواء ہے اور اس پر لاہور ہائیکورٹ کا اسٹے آرڈر بھی موجود ہے۔

الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ جب تک انٹرا پارٹی الیکشنز کا قانونی معاملہ حل نہیں ہوتا، کسی بھی شخصیت کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے طور پر قبول کرنا ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے بیرون ملک جانے پر پابندی

 

 

 

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ بیرسٹر گوہر کو پارٹی چیئرمین کی حیثیت سے نہ تو قانونی اختیار حاصل ہے اور نہ ہی پارٹی آئین کے مطابق ایسی کوئی پوزیشن انہیں تفویض کی گئی ہے۔

دوسری جانب سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی معاملات ایک بار پھر اجاگر ہوگئے ہیں، جبکہ مستقبل میں پارٹی کی قیادت کے حوالے سے قانونی صورتحال مزید پیچیدگی اختیار کرسکتی ہے۔