سندھ بورڈ نے جدید امتحانی نظام متعارف کرا دیا
Sindh smart exam system
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ بورڈ نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے لیے اسمارٹ امتحانی نظام کا اعلان کر دیا ہے۔

اس ای مارکنگ سسٹم کا باقاعدہ آغاز4 دسمبر2025 کو کراچی میں کیا جائے گا۔ ملک بھر کے 29 تعلیمی بورڈز کے سربراہان اور انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئر مین کے حکام تقریب میں شریک ہوں گے۔

یہ فیصلہ صوبے میں امتحانی نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

وفاقی تعلیمی بورڈ سندھ کے تعلیمی بورڈز کو ای مارکنگ کے لیے درکار سافٹ ویئر فراہم کرے گا جس میں اسکیننگ، بارکوڈنگ، کیو آر کوڈز اور جدید مارکنگ معیار شامل ہیں اور یہ جدید اسمارٹ امتحانی نظام2026 کےامتحانات میں نافذ کیا جائے گا۔

ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی، یہ کمیٹی سیکرٹری محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز عباس بلوچ کی جانب سے تشکیل دی گئی، کمیٹی میں کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے چیئرمین، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن شہید بینظیر آباد، سکھر بورڈ کے چیئرمین اور محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے ایڈیشنل سیکرٹری شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا اسکول کے بچوں کو فروٹ بارز دینے کا اعلان

نئے اسمارٹ امتحانی نظام کے تحت ہر امتحانی پرچے پر منفرد کیو آر کوڈ ہوگا جو ڈیجیٹل اسکیننگ اور تقسیم شدہ مارکنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔

اس نظام کے مطابق مختلف استاد ایک ہی پرچے کے مختلف سوالات چیک کریں گے یعنی کوئی بھی فرد ایک سے زیادہ سوالات کی مارکنگ نہیں کرے گا۔

اس طریقہ کار کا مقصد امتحانات میں شفافیت، درستگی اور منصفانہ جانچ کو یقینی بنانا ہے۔