پارٹنر سکولوں میں ہفتہ کی چھٹی کا اعلان
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے ماتحت تمام پارٹنر سکولوں میں ہفتہ وار تعطیل کا باقاعدہ اعلان کیا/ فائل فوٹو
لاہور (ویب ڈیسک): پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (PEF) نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اپنے ماتحت تمام پارٹنر سکولوں میں ہفتہ وار تعطیل کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔

ترجمان پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مطابق اس سے قبل پیف کے تحت چلنے والے پارٹنر سکولوں میں ہفتہ کی چھٹی نہیں دی جاتی تھی، جس کی وجہ سے سکول ہفتے کے چھ دن فعال رہتے تھے۔ اس پالیسی پر کئی سکول سربراہان اور والدین کی جانب سے وقتاً فوقتاً تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے، کیونکہ بچوں کے طویل تعلیمی شیڈول کے باعث ان کی کارکردگی اور ذہنی تھکاوٹ میں اضافہ دیکھنے میں آرہا تھا۔ انہی عوامل کو مدِنظر رکھتے ہوئے پیف انتظامیہ نے ہفتہ وار چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بی آئی ای کے نے ایچ ایس سی پارٹ 1 کامرس کے نتائج2025 کا اعلان کر دیا

چھٹی کے ساتھ ساتھ اسکولوں کے اوقاتِ کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ نئے شیڈول کے تحت پارٹنر سکول صبح 8 بجکر 45 منٹ پر شروع ہوں گے اور دوپہر ڈیڑھ بجے بند ہوں گے۔ اس نئے ٹائم ٹیبل کا اطلاق پیر سے جمعرات تک ہوگا۔ جمعہ کے روز اسکول کی چھٹی ساڑھے 12 بجے کر دی جائے گی، تاکہ نمازِ جمعہ کے اہتمام کے ساتھ ساتھ طلبہ کو ہفتے کے آخری روز کم وقت میں تعلیمی سرگرمی مکمل کرنے میں سہولت ملے۔

پیف نے اس ٹائم ٹیبل کے اطلاق کی مدت بھی واضح کر دی ہے۔ نئے اوقات کار 15 اپریل 2026 تک نافذ العمل رہیں گے۔ اس مدت کے دوران انتظامیہ اس پالیسی کے نتائج، مشکلات اور بہتری کے امکانات کا جائزہ لے گی۔ اگر طلبہ، اساتذہ اور والدین کی جانب سے مثبت ردِعمل سامنے آیا تو اسے مستقل پالیسی کا حصہ بھی بنایا جا سکتا ہے۔