طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ قتل کیس میں اہم پیشرفت
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی ) پنجاب کے ہاتھوں پولیس مقابلے میں مارے جانے والے خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی ) پنجاب کے ہاتھوں پولیس مقابلے میں مارے جانے والے خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق جاوید بٹ قتل کیس میں نامزد ملزم امیر فتح کی گرفتاری کے لیے انویسٹی گیشن پولیس نے ٹیپو ٹرکاں والے اڈے پر چھاپہ مار کر کام بند کروا دیا ، پولیس کی جانب سے اڈے کو سیل کر کے ملازمین کو گھر بھیج دیا گیا۔

حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ انویسٹی گیشن پولیس نے اس سے قبل بھی ٹرکاں والے اڈے پر چھاپہ مارا تھا، چھاپے کے دوران ٹرکاں والے اڈے سے 2 ملازمین سمیت تین افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔

بعدازاں تینوں افراد کو جاوید بٹ قتل کیس میں نامزد ملزم امیر فتح کو پولیس کے سامنے پیش کرنے کی ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا،ضامن نے مقررہ وقت تک امیر فتح کو پولیس کے سامنے پیش نہیں کروایا، مقدمہ میں نامزد ملزم امیر فتح کی عدم پیروی پر عدالت نے عبوری ضمانت خارج کر رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طیفی بٹ کے بہنوئی کے قتل کا معاملہ،ملزمان کےحیران کن انکشافات

یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں لاہور کینال روڈ پر گھات لگائے ملزمان نے طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو ایف سی کالج انڈر پاس کے قریب اندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جبکہ واقعہ میں طیفی بٹ کی بہن زخمی ہوئی تھیں۔

پولیس کے مطابق جاوید بٹ قتل کیس میں گرفتار شوٹرز نے انکشاف کیا کہ انہوں نے یہ قتل ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر مصعب کے کہنے پر کیا ہے، قتل میں ملوث دونوں شوٹرز اظہر اور الیاس امیر مصعب سے مسلسل رابطے میں تھے۔