نادرا نے شہریوں کو خبردار کر دیا
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناختی دستاویزات کی فوٹو کاپی کروانے والوں کو خبردار کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناختی دستاویزات کی فوٹو کاپی کروانے والوں کو خبردار کر دیا۔

شناختی دستاویزات کی فوٹو کاپی کروانا بہت سے کاموں کے لئے ضروری ہوتا ہے لیکن یہ کام کتنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اس کا اندازہ اکثر شہریوں کو نہیں ہوتا۔

نادرا نے مفاد عامہ میں جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ بلا ضرورت فوٹو کاپی نہ کروائیں اور نادرا کے دفاتر میں صرف اصل دستاویزات دکھائیں۔

نادرا کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ نادرا دفاتر میں اسی کی جاری کردہ دستاویزات مثلاً شناختی کارڈ، ایف آر سی اور ب فارم وغیرہ اصل کے بجائے اس پر لکھا ہوا نمبر ساتھ لائیں۔

اتھارٹی کے مطابق دیگر اداروں کی جاری کردہ مطلوبہ دستاویزات کو ساتھ لانا ضروری ہے جو نادرا دفتر میں اسکین کرنے کے بعد واپس کر دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: شناختی کارڈ میں شادی شدہ حیثیت کی تبدیلی کی فیس اپ ڈیٹ

دوسری جانب نادرا نے گھر پر شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات پہنچانے والی بائیکر سروس کی مکمل تفصیلات جاری کر دیں۔

نادرا کے مطابق یہ سروس اس وقت اسلام آباد، راولپنڈی، ٹیکسلا، واہ کینٹ، لاہور، کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں دستیاب ہے، یہ ہفتے کے ساتوں دن صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک کام کرے گی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

اس سروس کے تحت شہری اپنے شناختی کارڈز اور نادرا سے متعلق دیگر دستاویزات اپنے گھر پر ہی حاصل کر سکیں گے، گھر پر ترسیل کی فیس ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جس میں850 روپے سروس چارجز اور150 روپے ڈیلیوری چارجز شامل ہیں۔