سپیکر ایازصادق نے اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیدی
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن کو ایک بار مذاکرات کی دعوت دے دی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن کو ایک بار مذاکرات کی دعوت دے دی۔

سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس کے دوران محمود خان اچکزئی اور سپیکر کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔

دوران اجلاس سپیکر ایاز صادق نے محمود اچکزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں وزیر اعظم شہباز شریف نے کئی مرتبہ بات چیت کی دعوت دی ہے، وزیر قانون نے بات چیت کی دعوت دی، میں نے بھی دعوت دی، آج بھی دعوت دیتا ہوں آئیں بیٹھیں بات کریں۔

اس پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آپ سے بات نہیں ہو سکتی کیونکہ آپ حقیقی نمائندے نہیں جس سپیکر نے جواب دیا کہ میں آپ کے لیڈر کو دو بار ہرا کے یہاں آیا ہوں، اس الیکشن میں میرے خلاف کوئی پٹیشن نہیں ہے، آپ ڈائیلاگ سے بھاگنے کا بہانہ بنا رہے ہیں، ڈائیلاگ کریں گے تو بات آگے بڑھے گی۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی سے ستائیسویں آئینی ترمیم کی آج منظوری کا امکان

بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے مذاکرات میں حصہ لینے کی ہر ممکن کوشش کی،ہمارے ایم این ایز کو پارلیمنٹ ہاؤس سے اٹھایا گیا، 26 نومبر کو ہمارے لوگوں کی شہادتیں ہوئیں، ہمارے وزیر اعلیٰ کو اپنے لیڈر کے ساتھ ملنے نہیں دیا جا رہا ، ہم پاکستان کے ساتھ تھے اور ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

اس پر سپیکر ایاز صادق نے کہاکہ میرا کام مذاکرات کی سہولت کاری کرنا ہے،مذاکرات کا بائیکاٹ اپوزیشن کی جانب سے کیا گیا،اس مذاکراتی عمل کو جاری رہنا چاہئے۔