پیپلزپارٹی وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف عدم اعتماد لانے پر متفق
پیپلزپارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کے خلاف عدم اعتماد لانے کا متفقہ فیصلہ کر لیا۔
فوٹو بشکریہ پیپلزپارٹی میڈیا سیل
اسلام آباد: (سنو نیوز) پیپلزپارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کے خلاف عدم اعتماد لانے کا متفقہ فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت پارلیمانی پارٹی آزاد کشمیر کا اہم اجلاس ہوا جس میں آزاد کشمیر میں سیاسی حکمتِ عملی پر غور کیا گیا، اجلاس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ ، فریال تالپور اور صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چودھری یاسین کی قیادت میں پارلیمانی پارٹی نے شرکت کی۔

اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چودھری لطیف اکبر، جاوید ایوب ، رفیق نیر ، بازل نقوی جاوید بڈھانوی بھی اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ فیصل راٹھور ، نبیلہ ایوب، سردار حاجی یعقوب بھی اجلاس میں شریک تھے، آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کی تبدیلی کے حوالے سے مشاورت کی گئی، پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا متفقہ فیصلہ کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا نوٹیفکیشن جاری

پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم انوار الحق کے خلاف عدم اعتماد لانے کیلئے نمبر گیم پوری ہو چکی ہے، اجلاس میں وزیراعظم کی ممکنہ تبدیلی کے بعد وزیراعظم کے نام پر بھی مشاورت کی گئی، پیپلز پارٹی کی جانب سے چودھری یاسین، چودھری لطیف اکبر اور سردار یعقوب وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔

پارٹی ذرائع کا اس حوالے سے مزید بتانا ہے کہ پیپلز پارٹی آج ایوان صدر میں آصف علی زرداری کو مشاورت میں سامنے آنیوالی تجاویز سے آگاہ کرے گی، آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی یا حکومت کے قیام سے متعلق حتمی فیصلہ صدر آصف زرداری کریں گے، آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے لیے متوقع امیدوار کا نام بھی صدر آصف زرداری فائنل کریں گے۔