وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے نوجوانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پورٹل کے ذریعے آن لائن اپلائی کریں اور میرٹ پر مبنی بھرتی کے اس نئے ڈیجیٹل نظام سے فائدہ اٹھائیں۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ جاب پورٹل کے ذریعے اب تک 3 لاکھ 26 ہزار سے زائد امیدوار اہل قرار پا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل اور خودکار ہے، جو امیدواروں کی تعلیم، تجربے اور قابلیت کی بنیاد پر خودکار اسکریننگ اور میچنگ کا عمل انجام دیتا ہے، اس پورٹل کے ذریعے نوجوان اب گھر بیٹھے سرکاری و نجی ملازمتوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس میں گریڈ 5 سے 15 تک کی سرکاری آسامیاں، ٹیکنیکل و نان ٹیکنیکل جابز اور نجی شعبے کے روزگار کے مواقع بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:تعلیمی ادارے 3 روز کیلئے بند رکھنے کا اعلان
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر درخواست دہندہ کا ڈیٹا محفوظ اور میرٹ پر مبنی بھرتیوں کو یقینی بنانے کیلئے پورا عمل ڈیجیٹل ٹریس اور آڈٹ کے قابل بنایا گیا ہے، سندھ حکومت نے شفافیت، میرٹ اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کو ترجیح دی ہے۔
ترجمان کے مطابق اپلائی کرنے کا طریقہ کار بھی پورٹل پر تفصیل سے درج کر دیا گیا ہے، امیدوار ویب سائٹ پر جا کر اکاؤنٹ بنا کر اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ تفصیلات اپلوڈ کر سکتے ہیں، جس کے بعد سسٹم خودکار طور پر موزوں ملازمتوں کی نشاندہی کرتا ہے۔