خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں صحت کارڈ پر مفت علاج معطل
Sehat Card Khyber Teaching Hospital
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں صحت کارڈ کے تحت مفت علاج کی سہولت اچانک معطل کر دی گئی، جس سے درجنوں مریض علاج کے بغیر واپس جانے پر مجبور ہو گئے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق صحت کارڈ پروگرام کے تحت علاج معطل کرنے کی وجہ حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی ہے۔

جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومتِ خیبر پختونخوا نے انشورنس کمپنی کو طویل عرصے سے فنڈز جاری نہیں کیے، جس کے باعث کمپنی نے ادائیگیاں روک دی ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ انشورنس کمپنی کے ذمے کروڑوں روپے کے واجبات ہیں، مسلسل عدم ادائیگی کے باعث ہسپتال مالی مشکلات کا شکار ہے، مفت علاج کی بحالی فنڈز کی دستیابی سے مشروط ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید ہسپتال میں داخل

دوسری جانب علاج کیلئے آنے والے مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ نے صورتحال پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ غریب عوام کیلئے واحد سہارا تھا، جس کی بندش سے عوامی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر حکومت کی جانب سے جلد فنڈز جاری نہ کیے گئے تو دیگر سرکاری اسپتالوں میں بھی صحت کارڈ پر علاج متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔