تعلیمی ادارے 3 روز کیلئے بند رکھنے کا اعلان
school holidays Punjab
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں تین دن کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق 4 سے 6 نومبر تک ننکانہ سٹی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ اس سلسلے میں 24 سرکاری اسکولز اور درجنوں نجی تعلیمی اداروں میں تین روزہ تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح بابا گورو نانک یونیورسٹی میں بھی 3 سے 6 نومبر تک تمام تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تقریبات کے دوران شہر کے کالجز بھی بند رکھے جائیں گے تاکہ سیکیورٹی اہلکار ٹریفک اور ہجوم کو مؤثر انداز میں سنبھال سکیں۔

چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن شازیہ بانو اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ: 24 گھنٹے کیلئے موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس بند

واضح رہے کہ بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔ دو روز قبل پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے بھارت کے 2100 سکھ یاتریوں کو ان مقدس تقریبات میں شرکت کیلئے ویزے جاری کیے تھے۔

ضلعی حکومت کے مطابق یاتریوں کی رہائش، صفائی، روشنی، طبی امداد اور سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ مختلف محکموں کے عملے کو خصوصی ڈیوٹیوں پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات پُرامن، منظم اور شاندار انداز میں منعقد کی جا سکیں۔