محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس کو 24 گھنٹے کے لیے معطل رکھا گیا ہے اور یہ پابندی آج رات 12 بجے تک برقرار رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 4 سال قبل چوری موٹرسائیکل کا چالان مالک کو بھیج دیا گیا
حکومتی ذرائع کے مطابق شہر میں حالیہ دنوں میں کچھ حساس واقعات اور اجتماعات کے باعث سیکیورٹی اداروں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ موبائل انٹرنیٹ کے غلط استعمال سے امن و امان کی صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔ اسی لیے صوبائی حکومت نے سیکیورٹی اداروں کی سفارش پر یہ اقدام اٹھایا۔ تاہم، حکام نے واضح کیا ہے کہ موبائل فون پر کالز اور ایس ایم ایس سروس بحال رہے گی، صرف ڈیٹا سروس یعنی انٹرنیٹ تک رسائی محدود کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ عوام کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے یہ قدم ناگزیر تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے بعض عناصر کی جانب سے اشتعال انگیز مواد پھیلانے اور غلط معلومات عام کرنے کے خدشات بھی پائے گئے، اس لیے وقتی طور پر انٹرنیٹ ڈیٹا سروس بند کی گئی تاکہ حالات قابو میں رہیں۔