بھارتی اداکار ٹریفک حادثے میں ہلاک
Indian Actor Aman Jeswal
فائل فوٹو
ممبئی:(ویب ڈیسک)بھارت کی ٹی وی انڈسٹری کے نوجوان اداکار امن جیسوال ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ ممبئی شہر میں جمعے کی شام پیش آیا، جب 23 سالہ اداکار کی موٹر سائیکل کو تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔

اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل مکمل طور پر کچلی گئی اور امن جیسوال شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ریسکیو ٹیم نے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا،مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

دوسری جانب پولیس نے ٹرک ڈرائیور کیخلاف تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔

شوبز انڈسٹری میں امن جیسوال کی اچانک موت پر سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے، ان کے مداحوں اور ساتھی اداکاروں نے ان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

امن جیسوال کی موت نے نہ صرف ان کے خاندان کو صدمے میں ڈالا بلکہ بھارتی ٹی وی انڈسٹری کو بھی بڑا دھچکا پہنچایا ہے، جہاں وہ ایک ابھرتے ہوئے ستارے کے طور پر اپنی شناخت بنا چکے تھے۔