پنجاب حکومت نے پراپرٹی ٹیکس سسٹم میں نیا نظام نافذ کر دیا
پنجاب حکومت نے پراپرٹی ٹیکس سسٹم میں پیچیدگیوں کے خاتمے اور شفافیت کیلئے نیا نظام نافذ کر دیا
پنجاب پراپرٹی ٹیکس سسٹم / فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے پراپرٹی ٹیکس سسٹم میں پیچیدگیوں کے خاتمے اور شفافیت کیلئے نیا نظام نافذ کر دیا۔

سیکرٹری ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس مسعود مختار نے کہا ہے کہ نئے نظام کے تحت تمام قسم کی جائیدادوں پر متعلقہ ضلع کے ڈی سی ٹیبل کے مطابق ٹیکس مقرر کر دیا گیا ہے، نئے نظام کے تحت پراپرٹی ٹیکس کا تعین جائیداد کی رینٹل ویلیو کے بجائے کپیٹل ویلیو پر کیا جائے گا۔

مسعود مختار کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے تحت پراپرٹی مالکان کو سہولت دی جائے گی کہ وہ واجب الادا پراپرٹی ٹیکس ادائیگی کیلئے اپنی جائیداد کی ویلیو کا خود تعین کریں، پراپرٹی ٹیکس وصولی کیلئے پراپرٹی مالکان کی جانب سے جائیداد کی تعین کردہ ویلیو کو درست تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 65 سال بعد پراپرٹی ٹیکس نظام میں مثبت تبدیلی پرانے نظام کی پیچیدگیوں کو ختم کر کے ٹیکس سسٹم میں سادگی، شفافیت یقینی بنائے گی، عوام کو یقین دلایا کہ یہ اصلاحات عوامی مفاد میں ہیں، شہری اسے اضافی بوجھ تصور نہ کریں۔

ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ نے بتایا کابینہ کی ہدایت پر موجودہ ٹیکس گزاروں کو 30 جون 2025 تک نئے ٹیبل کے مطابق اضافی ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ پہلی بار ٹیکس نیٹ میں آنے والوں کو واجب الادا ٹیکس پر 50 فیصد رعایت دی جائیگی، آئندہ چھ ماہ میں نئے ٹیکس گزار کل ٹیکس کا صرف 25 فیصد ادا کرینگے۔ ٹیکس سسٹم میں اصلاحات عوامی مفاد میں ہیں ،ان سے صوبے کی معاشی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔