مرغی کا گوشت مزید سستا ہو گیا
Chicken Meat Price Drop
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک)لاہور اور ملتان میں مرغی کا گوشت مزید سستا ہوگیا،جبکہ انڈوں کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں مرغی کا گوشت 11 روپے فی کلو سستا ہوا ہے، جس کے بعد برائلر گوشت کی نئی قیمت 584 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔

زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں 8 روپے کی کمی آئی ہے، اور اب اس کا تھوک ریٹ 389 روپے جبکہ پرچون ریٹ 403 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ملتان میں بھی مرغی کی قیمت میں 8 روپے کی کمی ہوئی ہے۔اب زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 370 روپے اور پرچون ریٹ 384 روپے فی کلو ہو گیا ہے۔ تاہم ملتان میں انڈوں کی قیمت فی درجن 254 روپے پر برقرار ہے جبکہ لاہور میں انڈوں کی فی درجن قیمت 270 روپے ہے۔

واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں بھی مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں مختلف فرق پایا جا رہا ہے، تاہم مجموعی طور پر مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی نے عوام کی قوتِ خریداری کو بہتر بنایا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی عوام کیلئے خوشخبری ہے کیونکہ مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی نے صارفین کی جیب پر بوجھ کم کیا ہے۔