تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں حکومت سے علیحدگی کا حتمی فیصلہ کیا گیا جبکہ ن لیگ کے حکومت میں شامل 5 وزراء علیحدگی کے فیصلے کے برعکس حکومت کے ساتھ ہیں۔
اس حوالے سے وزرا کی طرف سے فارو رڈ بلاک بنانے کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں، جس پر ن لیگ نے حافظ احمد رضا قادری کی نائب صدارت سمیت بطور ممبر مجلس عاملہ ،کرنل(ر) وقار احمد نور، سردار عامر الطاف ، راجہ محمد صدیق اور نثارہ عباسی کی ممبر مجلس عاملہ کی رکنیت معطل کردی۔
آئین میں حاصل اختیارات کے تحت پارٹی صدر شاہ غلام قادر نے پانچ رکنی ڈسپلنری کمیٹی بھی قائم کر دی جو 7 روز میں وزراء کو شوکاز نوٹس جاری کر یگی۔ وزراء نے موقف اختیار کیا کہ حکومت سے علیحدگی کا نقصان ہے 1 سال میں کروڑوں کے ترقیاتی کام کروائے جاسکیں گے۔
قبل ازیں اسلام آباد میں صدر (ن) لیگ شاہ غلا م قادر کی زیر صدارت مرکزی عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز کا اہم اجلاس ہوا، جس میں فاروق حیدر، مشتاق منہاس، طارق فاروق سمیت مرکزی عہدیداروں اور ٹکٹ ہولڈرز نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر نے بطورممبر اسمبلی انوار حکومت سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ غلام قادر نے کہا کہ میں پہلے بھی اس حکومت سے علیحد گی کا حامی تھا ،ہمارے وزرائپارٹی کی نمائندگی نہیں کر رہے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ جماعت میں کوئی اختلاف نہیں، شاہ غلام قادر کی پشت پر کھڑا ہوں، کارکن حلقوں میں جماعت کو منظم و متحرک کرنے کیلئے سرگرم ہو جائیں۔
مشتاق منہاس نے کہا کہ لیگی قیادت آزاد کشمیر کی موجود صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہے درست فیصلے کئے جائیں گے۔
طارق فاروق نے کہا کہ مسلم لیگی کارکنان حوصلہ رکھیں قیادت سے مکمل رابطے میں ہیں، ہم وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے مشکور ہیں کہ انہوں نے وزراء کی میٹنگ اور آزاد کشمیر کے حوالے سے فیصلہ سازی میں مسلم لیگ (ن) کو بھرپور شامل رکھا۔