سیف علی خان پر چاقو سے حملہ، بالی ووڈ اداکار زخمی
بالی ووڈ کے مشہور اداکار سیف علی خان اپنے گھر میں چاقو کے وار سے زخمی ہوگئے
بالی ووڈ کے مشہور اداکار سیف علی خان/ فائل فوٹو
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مشہور اداکار سیف علی خان اپنے گھر میں چاقو کے وار سے زخمی ہوگئے۔

پولیس کی رپورٹ کے مطابق، ایک نامعلوم شخص جمعرات کی صبح 2 بجکر 30 منٹ پر اداکار کے گھر میں داخل ہوا اور گھر کے عملے کے ایک رکن سے جھگڑ پڑا۔ جب سیف علی خان نے صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش کی تو حملہ آور نے ان پر حملہ کر کے زخمی کر دیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے دو زخم شدید ہیں اور ایک زخم ان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب ہے، جو خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

ممبئی پولیس نے بتایا کہ حملہ آور واقعے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال کے ایک ڈاکٹر کے مطابق، سیف علی خان کا آپریشن کیا گیا ہے اور ان کی حالت کا صحیح اندازہ آپریشن کے بعد ہوگا۔

حملے میں سیف علی خان کی اہلیہ کرینہ کپور، ان کے بیٹے تیمور اور جے محفوظ رہے ہیں۔ اس واقعے نے پوش علاقوں میں رہائشی مکانات کی سیکیورٹی پر خدشات کو بڑھا دیا ہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے اداکاروں اور سیف علی خان کے مداحوں نے اس واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔