زمزم کا جعلی پانی بیچ کر لاکھوں ڈالر کمانے والا شخص گرفتار
ترکی سے تعلق رکھنے والے شخص کو زم زم کا جعلی پانی فروخت کر کے لاکھوں ڈالرز کمانے پر پولیس نے گرفتار کرلیا
ترکی سے تعلق رکھنے والے شخص کو زم زم کا جعلی پانی فروخت کرنے پر پولیس نے گرفتار کرلیا/ فائل فوٹو
استنبول: (ویب ڈیسک) ترکی سے تعلق رکھنے والے شخص کو زم زم کا جعلی پانی فروخت کر کے لاکھوں ڈالرز کمانے پر پولیس نے گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میرے گاہکوں کو ملاوٹ شدہ پانی پینے سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ استنبول جیسے بڑے شہروں میں فروخت ہونے والا زیادہ تر جعلی پانی میرے گودام سے آتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے گرفتار شخص کی شناخت بلال کے نام سے کی جس نے ترکی کے شہر اڈانا میں زم زم کے نام پر جعلی نلوں کا پانی فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔

یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب اضنہ شہر کی پولیس کو ایک خفیہ اطلاع پر واٹر فیکٹری میں کی جانے والی دھوکہ دہی کا علم ہوا۔ ترکش حکام کے مطابق زم زم کے جعلی آپریشن میں روزانہ تقریباً 20 ٹن جعلی پانی تیار ہو رہا تھا۔ ملزم بلال نے اس کاروبار سے روازانہ کی بنیاد پر تقریباً 22,000 ڈالر بنائے۔

جب پولیس نے ملزم کے گودام پر چھاپہ مارا تو انہیں ٍ5 ہزار لیٹر نلوں کا پانی بوتلوں میں ملا جس پر جعلی لیبل لگا کر بوتلوں اور کنٹینرز میں پیک کیا گیا تھا۔ لیبل اصلی لگ رہے تھے اور ان میں عربی تحریر اور سعودی عرب کے حوالے تھے، لوگوں کو یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ پانی مستند ہے۔

ملزم نے دعویٰ کیا کہ اس نے زمزم کے اصلی پانی میں تھوڑا سی ملاوٹ کی ہے، جو اسے سعودی عرب سے آنے والے لوگوں کی گاڑیوں سے ملا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ پولیس کے چھاپہ مارنے سے قبل کبھی کسی گاہک نے میرے پانی پر شکایت نہیں کی۔