ماڈل و اداکار طلحہٰ چہور کی والدہ کا انتقال ہو گیا
File Photo
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) معروف ماڈل اور اداکار طلحہٰ چہور کی والدہ کے انتقال کی خبر نے شوبز انڈسٹری کو غمزدہ کر دیا ہے۔

طلحہٰ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو اطلاع دی کہ ان کی والدہ انتقال کر گئی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے دعائے مغفرت کی اپیل بھی کی ہے۔

طلحہٰ چہور کی جانب سے اس افسوسناک خبر کے اعلان کے بعد شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات، ساتھی فنکاروں، اور مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا تانتا بندھ گیا۔ کمنٹس میں ان کے لیے صبر اور والدہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔

طلحہٰ چہور نے اپنی والدہ کی وفات کی وجہ یا دیگر تفصیلات شیئر نہیں کیں، تاہم قریبی ذرائع کے مطابق ان کی والدہ ضعیف العمری کی وجہ سے کئی طبی پیچیدگیوں کا شکار تھیں۔

طلحہٰ چہور حال ہی میں حدیقہ کیانی کے مشہور گانے میں سبینا فاروق کے ساتھ نظر آئے تھے، جس میں ان کی پرفارمنس کو بہت سراہا گیا۔ ان کے قریبی حلقے کہتے ہیں کہ طلحہٰ اپنی والدہ کے بے حد قریب تھے، اور ان کی زندگی میں والدہ کا کردار ایک مضبوط سہارا تھا۔

خیال رہے کہ طلحہٰ چہور کا شمار ابھرتے ہوئے ماڈلز اور اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے متعدد کامیاب ڈراموں میں معاون اور مرکزی کردار ادا کیے اور کئی بڑے فیشن شوز کا بھی حصہ رہے۔

معروف اداکار ہمایوں سعید، صبا قمر، اور یاسر حسین سمیت کئی شخصیات نے سوشل میڈیا پر طلحہٰ چہور سے اظہار تعزیت کیا۔ سب کا کہنا تھا کہ یہ ناقابل تلافی نقصان ہے، اور وہ دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند کرے اور طلحہٰ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

طلحہٰ چہور کی والدہ کے انتقال پر شوبز انڈسٹری سمیت ان کے مداح بھی افسردہ ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔