اسد عمر کا سیاست میں دوبارہ آنے کا فیصلہ؟
Ex Federal Minister Asad Umer
سابق وفاقی وزیر اسد عمر/فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں نے سیاست میں دوبارہ کبھی نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے،تاہم عوام کی خدمت کیلئے ہمیشہ تیار ہوں۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے پرانے ساتھی اسد عمر کا کہنا تھا کہ وہ سیاست میں حصہ نہیں لینا چاہتے،لیکن اگر پاکستانی عوام کی خدمت کا موقع ملا تو وہ اس کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں ہونے والے فیصلے پاکستان پر اثر انداز ہوتے ہیں، تاہم بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ وہ امریکہ کی طرف نہیں دیکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حق میں ہوں یا خلاف،وہ پاکستان میں ہی ہونے چاہئیں۔

واضح رہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اسد عمر کیخلاف 3 مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔

اسد عمر کی ضمانتوں کی درخواستوں پر عدالت میں مزید کارروائی متوقع سماعت پر کی جائے گی۔