عازمین کیلیے جدید سہولیات، سعودی عرب کیساتھ حج معاہدہ طے
File Photo
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2025 کے انتظامات کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت پاکستانی عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی، حج کا عمل مزید آسان اور آرام دہ بھی بنایا جائے گا۔

سعودی وزارت حج کے مطابق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ معاہدے کے تحت اس سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین حج کا فریضہ ادا کریں گے۔

سعودی وزارت حج نے اعلان کیا کہ پاکستانی عازمین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے جائیں گے، جن میں مختصر حج پروگرام، منیٰ میں خصوصی جگہ، •       مدینہ منورہ میں قیام، خصوصی بیگ کی فراہمی اور معلوماتی موبائل ایپ جیسے اقدامات شامل ہیں۔

مختصر حج پروگرام کے تحت حج کے دورانیے کو 20 سے 25 دن تک محدود کر دیا گیا ہے، جس سے وقت اور اخراجات میں کمی آئے گی، پاکستانی حجاج کے لیے منیٰ میں مخصوص جگہ مختص کی گئی ہے، جو آسان رسائی اور بہتر انتظامات فراہم کرے گی۔ زائرین کو مدینہ منورہ میں 4 سے 8 دن کے قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی جسے وہ اپنی مرضی سے منتخب کر سکیں گے۔

علاوہ ازیں ہر عازم کو ایک بیگ فراہم کیا جائے گا، جس پر پاکستانی پرچم اور شناخت کے لیے کیو آر کوڈ موجود ہوگا، عازمین کو حج کے تمام مراحل سے آگاہ رکھنے کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپ فراہم کی جائے گی جس پر مکمل رہنمائی اور معلومات دستیاب ہوں گی۔

سعودی وزارت نے بتایا کہ حج کے اخراجات میں کمی کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس مقدس فریضے کو ادا کر سکیں۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ حج کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے یہ معاہدہ اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستانی عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔